سرینگر//
نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور وزیرا علیٰ عمرعبداللہ کے مشیر‘ ناصر اسلم وانی نے چہارشنبہ کے روز دعویٰ کیا کہ اگر پی ڈی پی نے ۲۰۱۴ میں بی جے پی کے ساتھ مل کر ریاست میں حکومت نہ بنائی ہوتی تو جموں کشمیر میں دفعہ ۳۷۰؍ اور ۳۵؍ اے کو منسوخ نہیں کیا جاتا۔
وانی نے کہاکہ پی ڈی پی نے جموں کشمیر کا بیڑا غرق کیا اور اسمبلی الیکشن میں لوگوں نے اس پارٹی کو سبق سکھایا ہے ۔
ان باتوں کا اظہار وانی نے رعناواری میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
وزیراعلیٰ کے مشیر نے کہاکہ اگر پی ڈی پی نے۲۰۱۴میں بی جے پی کی حمایت نہ کی ہوتی تو آج جموںکشمیر کے لوگوں کو یہ دن دیکھنے نہیں پڑتے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ دس سالوں کے دوران جموںکشمیر کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑا اور اس صورتحال کے لئے پی ڈی پی کو یہاں کے لوگ کھبی معاف نہیں کریں گے ۔
پی ڈی پی کی جانب سے نیشنل کانفرنس کی قرارداد پر سوالات اٹھانے کے بارے میں جب وانی سے سوا کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ آرٹیکل ۳۷۰؍اور ۳۵؍اے کی منسوخی کے لئے پی ڈی پی بھی ذمہ دار ہے ۔
وانی نے کہاکہ جموں کشمیر کے لوگ پی ڈی پی کو کھبی بھی معاف نہیں کریں گے کیونکہ اس پارٹی کی حمایت سے ہی بی جے پی جموں وکشمیر کی سیاست میں قدم رکھا۔
وزیر اعلیٰ کے مشیر نے واضح کیا کہ الیکشن منشور میں نیشنل کانفرنس نے جتنے بھی وعدئے کئے انہیں ہر حال میں عملی جامہ پہنایا جائے گا۔انہوں نے الزام لگایا کہ پی ڈی پی نے ہمیشہ عوام کش سیاست کی اور آج بھی یہ پارٹی اسی مشن پر قائم و دائم ہے ۔
ان کے مطابق پی ڈی پی کو نیشنل کانفرنس کی حکومت ہضم ہی نہیں ہو رہی ہے ۔