سرینگر///
جموں کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نالین پربھات نے بدھ کو انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر کے ہمراہ شمالی کشمیر کے مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے ایس ایس پیز کے ساتھ اہم اجلاس کی صدارت کی اور خصوصی آپریشن گروپ اہلکاروں و دیگر فورسز کے ساتھ زمینی سطح پر تبادلہ خیال بھی کیا۔
ڈی جی پی نالین پربھات نے سرحدی و حساس اضلاع میں تعینات سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ لگن، چوکسی اور جرأت مندی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں اور انتھک کوششوں کی بدولت وادی میں امن و استحکام کا ماحول قائم ہے ۔
پربھات نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا’آپ کی خدمات اور قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ موجودہ حالات میں آپ کی ذمہ داریاں مزید اہم ہو چکی ہیں، اور ہم سب کو متحد ہو کر ریاست میں دیرپا امن یقینی بنانا ہے ‘۔
ڈی جی پی نے اجلاس کے دوران موجودہ سکیورٹی چیلنجز، انسداد دہشت گردی آپریشنز، مقامی تعاون، اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے فورسز کو ہدایت دی کہ وہ عوام سے قریبی رابطہ برقرار رکھتے ہوئے اعتماد سازی کو مزید فروغ دیں۔
دورے کے دوران انہوں نے مختلف مقامات پر انسداد دہشت گردی مشقوں، چیک پوائنٹس، اور حساس علاقوں کی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، اور موقع پر موجود افسران سے تفصیلات حاصل کیں۔