سرینگر//
وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو کا کہنا ہے کہ آل انڈیا انسٹچوٹ آف میڈیکل سائنسز(ایمز) کی تعمیر کا کام اگلے سال مکمل ہوگا ۔
سکینہ نے کہاکہ پروجیکٹ کے اہم حصوں پر کام جاری ہے اور اگلے سال کام مکمل ہونے کے بعد لوگوں کو جدید طبی سہولیات میسر ہوگی۔
ان باتوں کا اظہار وزیر نے پلوامہ دورے کے دوران نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
سکینہ نے کہاکہ موجودہ سرکار لوگوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی خاطر زمینی سطح پر کام کر رہی ہے ۔
وزیر صحت نے کہاکہ طبی شعبے میں بہت زیادہ خامیاں پائی جارہی ہیں جنہیں دور کرنے کی خاطر سرکار کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرئے گی۔
سکینہ کا مزید کہنا تھا کہ ایمز لوگوں کی فلاح و بہبود اور ڈاکٹروں کی تعلیم کے لئے اہم پروجیکٹ ہے اور اس اہم طبی شعبے پر کام آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایمز کے اہم حصوں پر کام جاری ہے اور اگلے سال اس عمارت پر کام مکمل ہوگا۔
واضح رہے کہ وادی کشمیر کے سرکاری ہسپتالوں کی حالت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔ سوشل میڈیا پر آئے روز ویڈیوز وائرل ہو رہے ہیں جس سے یہاں کے سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی عیاں ہو رہی ہے ۔
موجودہ سرکار نے یقین دلایا ہے کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائے گی تاہم عوامی حلقوں نے سرکار کو مشورہ دیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں تعینات میڈیکل اور پیرا میڈیکل سٹاف کو جوابدہ بنایا جائے ۔
عوامی حلقوں کے مطابق جوابدہی کے فقدان کی وجہ سے ہی سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم نہیں ہو پا رہی ہے ۔