جموں//
جموں کشمیر کے اودھم پور ضلع میں ایک شخص نے گھریلو جھگڑے پر اپنی ساس کو مبینہ طور پر قتل کرنے کے علاوہ اپنی بیوی اور اس کی بہن کو کلہاڑی سے شدید زخمی کردیا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ ملزم ‘سریش کمار اتوار کی رات کیا گاؤں میں تینوں پر حملہ کرنے کے بعد فرار ہوگیا تھا لیکن اسے ۱۲ گھنٹوں کے اندر گرفتار کرلیا گیا اور قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا۔
کمار نے اپنی ساس شانتی دیوی، بیوی للتا اور سالی انجو دیوی پر کلہاڑی سے حملہ کیا جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس نے بتایا کہ قریبی اسپتال کے ڈاکٹروں نے شانتی دیوی کو مردہ قرار دے دیا جبکہ للتا اور انجو دیوی کو خصوصی علاج کے لئے ضلع اسپتال بھیج دیا گیا۔
ملزم کے بہنوئی راکیش نے دعویٰ کیا کہ کمار جب ان کے گھر آیا تو شراب کے نشے میں تھا اور اس نے اس کی ماں پر جان لیوا حملہ کیا، اس کے علاوہ للتا اور انجو دیوی زخمی ہو گئیں۔
راکیش نے یہ بھی کہا کہ ان کی بہن کچھ دن پہلے کمار کے ساتھ کسی معاملے پر جھگڑے کے بعد گھر آئی تھی اور کمار اس پر واپس آنے کے لئے دباؤ ڈال رہا تھا۔
راکیش نے کہا’’انہیں (کمار کو) میری ماں کے قتل اور میری بہنوں کو زخمی کرنے کے لئے مثالی سزا دی جانی چاہیے۔‘‘