جموں//
جموںکشمیر کے راجوری ضلع کے درشن نگر علاقے میں پیر کے روز ایک حادثے میں ایک نوعمر لڑکی کی موت ہو گئی جبکہ ایک اور شخص زخمی ہو گیا۔
ایک مقامی خبر رساں ادارے نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ درشان نگر نوشہرہ میں ایک موٹر سائیکل کے ڈمپر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ متوفی کی شناخت شلپا شرما (۱۸) بیٹی رام کرشن ساکن کالاکوٹ اور زخمی کی شناخت نونیال کے ساکن سادھو رام کے آتیش شرما سوب کے طور پر کی گئی ہے۔
دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
اس دوران پیر کے روز سرینگر میں تھار گاڑی حادثاتی طور پر ڈل جھیل میں گر گئی۔خوش قسمتی سے حادثے کے وقت گاڑی میں کوئی مسافر سوار نہیں تھا۔
عینی شاہدین کے حوالے سے ایک مقامی خبر رساں ادارے نے خبر دی ہے کہ ڈرائیور نے تھار کو سڑک کے کنارے پارک کیا تھا کہ اچانک پیچھے کی جانب مڑ گئی اور الٹا پلٹنے سے پہلے جھیل میں پھسل گئی۔
ایک عینی شاہد کا کہنا تھا کہ’’ایسا لگتا ہے کہ گاڑی کو محفوظ طریقے سے بند نہیں کیا گیا تھا۔‘‘