سرینگر//
یونین ٹیریٹری جموں کشمیر کے ضلع ریاسی میں دریائے چناب پر تعمیر دنیا کے بلند ترین ریلوے پل ، چناب ریلوے پل۔ پر سیکورٹی فورسز نے ایک بڑے پیمانے پر کامیاب مشق کا انعقاد کیا۔
یہ مشق ڈسٹرکٹ پولیس ریاسی نے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی)، سی آر پی ایف کی۱۲۶ویں بٹالین، گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی)، ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف)، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف)‘ ویلج ڈیفنس گارڈز (وی ڈی جی)‘ سول انتظامیہ، فائر اینڈ ایمرجنسی، اور میڈیکل ٹیموں کے ساتھ مل کر کی۔
جموں کشمیر پولیس کے مطابق اس مشق کا مقصد کسی بھی غیر متوقع صورتحال میں فورسز کے فوری ردعمل اور انسداد دہشت گردی صلاحیتوں کو جانچنا تھا، تاکہ قوم دشمن عناصر کی جانب سے کسی بھی قسم کی شرانگیزی کے امکانات کو فوری طور پر ناکام بنایا جا سکے۔
پولیس نے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ مشق ریاسی میں کوڑی کے مقام پر چناب ریلوے پل پر کی گئی، جس میں مقامی انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز نے بھرپور تعاون کیا۔‘‘
چناب ریلوے پل، جو ادھم پور، سرینگر ، بارہ مولہ ریلوے لنک (یو ایس بی آر ایل) پروجیکٹ کا ایک حصہ ہے، انجینئرنگ کے اعتبار سے ایک شاہکار ہے اور خطے کے بنیادی ڈھانچے کی حفاظت کیلئے سکیورٹی فورسز کے بھرپور عزم کی عکاسی کرتا ہے۔