سرینگر/۱۲ نومبر
نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر ‘حاجی محمد سید آخون کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے چھ سال کے لئے معطل کردیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ’پارٹی مخالف سرگرمیوں‘ کے الزامات کے بعد کیا۔
صوبائی صدر کشمیر ایڈوکیٹ شوکت احمد میر کی جانب سے آخون کو جاری کردہ باضابطہ خط میں کہا گیا ہے کہ معطلی پارٹی کے مفادات کیلئے نقصان دہ اقدامات کا نتیجہ ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ جے کے این سی کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی ہدایت کے مطابق آپ کو پارٹی مخالف سرگرمیوں کی وجہ سے چھ سال کے لئے جے کے این سی کی بنیادی رکنیت سے معطل کیا جاتا ہے۔
آخون برسوں سے این سی میں ایک نمایاں شخصیت رہے ہیں۔ پارٹی نے ابھی تک آخون کے مبینہ پارٹی مخالف اقدامات کی مخصوص نوعیت کے بارے میں مزید تفصیلات کا انکشاف نہیں کیا ہے۔
آخون حضرت بل اسمبلی حلقے سے پارٹی کے امیدوار ہوا کرتے تھے لیکن حالیہ اسمبلی الیکشن میں پارٹی نے اس حلقے سے سینئر لیڈر علی محمد ساگر کے بیٹے‘ سلمان ساگر کو ٹکٹ دی جنہوں نے پی ڈی پی کی آسیہ نقاش کو شکست دی ۔