سرینگر/ یکم نومبر
وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے علاقے ماز ہامہ ماگام میں ہفتہ کی شام نامعلوم مسلح افراد نے دو غیر مقامی افراد پر فائرنگ کر دی۔
خبر رساں ادارے جی این ایس نے ایک اعلیٰ پولیس اہلکار کے حوالے سے خبر دی ہے کہ عسکریت پسندوں نے آج شام مازہامہ ماگام کے قریب دو غیر مقامی افراد پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں افراد زخمی ہو گئے۔
انہیں فوری طور پر علاج کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔
ان دونوں کی شناخت یوپی کے سنجے اور عثمان کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ مزدوروں کے طور پر جل جیون پروجیکٹ میں مصروف تھے۔
حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔