جموں/۱۵مارچ
اِنتظامی کونسل کی میٹنگ آج یہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں محکمہ ریونیو کی تجویز کو منظور ی دی کہ زمین کے مختلف پارسلوں کو عوامی مقاصد کیلئے منتقل کیا جائے۔
اِنتظامی کونسل نے ہیرا نگر ضلع کٹھوعہ میں۱۴۴ کنال۱۲مرلہ اراضی کو یوتھ سروس اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور جموںوکشمیر میںارون جیٹلی میموریل سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے حق میں منتقل کرنے کو منظور ی دی ۔
اِس فیصلے کا مقصد کرکٹ ، ہاکی ، فٹ بال ، ریسلنگ اور ایتھلیٹکس کھیلوں کے لئے معیاری کھیل بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنا اور کٹھوعہ اور سانبہ اَضلاع کو ہندوستان کے کھیل نقشے پر لانا ہے۔
سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر پر تخمینہ لاگت ۲۳ء۵۸ کروڑ روپے ہوگی اور مقامی کھلاڑیوں کو ان کے متعلقہ شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
مزید یہ کہ ضلع شوپیان میں نئی اِنڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کیلئے محکمہ صنعت و حرفت کے حق میں۷۴۰ کنال۵ء۹مرلہ اراضی کی منتقلی کی منظوری دی گئی ۔ آنے والی اِنڈسٹریل اسٹیٹ علاقے میں معاشی سرگرمیوں اور صنعتی ترقی کو فروغ دے گی اور نوجوانوں کو کاروباری اور روزگار کے مواقع فراہم کرے گی۔
اِنتظامی کونسل نے میڈیسٹی کے قیام کے لئے محکمہ صنعت و حرفت کے حق میں ۷۵۰ کنال اراضی کی منتقلی کو منظور ی دی ۔اِس خطے میں میڈیسٹی کو فعال کرنے سے عالمی معیار کا صحت دیکھ ریکھ بنیادی ڈھانچہ اور سہولیات میسر ہوںگی ۔ اِس کے علاوہ میڈیکل اور فارما پروفیشلنوں ، مقامی فارماسسٹ اور دکانداروں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔
انتظامی کونسل کی میٹنگ میں جموں کشمیر کے مختلف اضلاع میں مختلف ترقیاتی کاموں کو انتظامی منظوری دی گئی ۔ انتظامی کونسل نے گجر نگر اور ڈوگرہ ہال جموں میں موجودہ سلاٹر ہاوس کو۸۸ء۲۱ کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے جدید بنانے کی منظوری دی ۔
یہ پروجیکٹ انسانی استعمال کیلئے صحت بخش گوشت کی دستیابی کو یقینی بنائے گا اس کے علاوہ فضلے کو سائنسی طریقے سے ٹھکانے لگانے ، علاقے میں آلودگی کی جانچ اور پلیوشن کنٹرول بورڈ ( پی سی بی ) اور این جی ٹی جیسے ریگولیٹری اداروں کے خدشات کو دور کرنے کے علاوہ جدید کاری کا کام ۱۲ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا ۔
مزید براں انتظامی کونسل نے موجودہ بس سٹینڈ ڈوڈہ میں۴۶ء۳۲ کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے کثیر منزلہ پارکنگ کی تعمیر کو بھی منظوری دی ۔ یہ پروجیکٹ ۰۵ء۹۵۲۶ مربع میٹر کے رقبے پر پھیلے گا اور اس میں ایک وقت میں۱۳۶ کاریں اور ۲۰ بسیں پارک کرنے کی گنجائش ہو گی ۔ مزید براں وہاں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے ۳۶ دکانیں بھی تعمیر کی جائیں گی اور یہ پروجیکٹ ۲ سال میں مکمل کیا جائے گا ۔
اسی طرح رام بن میں۴۴ء۲۲ کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے کثیر منزلہ بس سٹینڈ کی تعمیر کو بھی انتظامی منظوری دی گئی ۔ یہ پروجیکٹ رام بن شہر میں بھیڑ کو کم کرنے ، ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنے اور علاقے کو ایک متحرک اقتصادی مرکز کے طور پر ترقی دینے کیلئے اضافی پارکنگ کی جگہیں بنائے گا ۔
یہ پروجیکٹ ۵۰۳۳ مربع میٹر کے رقبے پر تعمیر کیا جائے گا جس میں گراؤنڈ فلور پر ۲۰ بسیں اور پہلی منزل پر ۵۰ ہلکی موٹر گاڑیاں پارک کرنے کی گنجائش ہو گی اسے دو سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا ۔