جموں//
ٹکٹوں کی تقسیم پر پارٹی سے اختلاف پر ناراض ہو کر اسمبلی الیکشن آزاد امیدوار کے طور الیکشن لڑنے والے چار نو منتخب ممبران اسمبلی نیشنل کانفرنس میں دو بارہ شمولیت کر سکتے ہیں ۔
حالیہ اسمبلی انتخابات میں سات آزاد امیدواروں نے اپنے اپنے حلقوں میں کامیابی حاصل کی۔
تفصیلات کے مطابق راجوری کے تھنہ منڈی اسمبلی حلقہ میں سابق جج مظفر اقبال خان نے بی جے پی کے محمد اقبال ملک کو۶۱۷۹ ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔
کانگریس کی ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے ’انڈیا اتھاد‘ کے امیدوار محمد شبیر خان۷۵۰۸ ووٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔
اندروال اسمبلی میں آزاد امیدوار ‘پیارے لال شرما نے ایک اور آزاد امیدوار غلام محمد سروری کو ۶۴۳ ووٹوں کے معمولی فرق سے شکست دی جبکہ کانگریس پارٹی کے محمد ظفر اللہ کے آئی این ڈی آئی الائنس کے امیدوار تیسرے نمبر پر رہے۔
شرما نے آزاد امیدوار کے طور پر انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا کیونکہ این سی،کانگریس اتحاد نے یہ سیٹ کانگریس کے لئے چھوڑ دی تھی۔
نتائج کے اعلان کے بعد شرما نے کہا کہ وہ نیشنل کانفرنس سے جڑے ہوئے ہیں اور مستقبل میں پارٹی میں رہیں گے۔ وہ بدھ کے روز نیشنل کانفرنس کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کیلئے کشتواڑ سے سرینگر روانہ ہوئے۔
چودھری محمد اکرم نے سرن کوٹ سے اتحاد کے امیدوار محمد شاہنواز چودھری کو۸۸۵۱ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ اکرم نے ۳۴ہزار۲۰۱ ووٹ حاصل کیے۔
سینئر سیاسی رہنما محمد اسلم کوہلی جو اکرم کیلئے انتخابی مہم چلا رہے تھے‘نے تصدیق کی کہ نیشنل کانفرنس کی قیادت ان کے ساتھ رابطے میں ہے اور اکرم نے پارٹی میں دوبارہ شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ اکرم سے رابطہ نہیں ہو سکا۔
اتحاد بننے کے بعد اکرم نے نیشنل کانفرنس چھوڑ دی اور کانگریس رہنما شاہنواز چودھری کو سرنکوٹ حلقہ میں اتحاد کا امیدوار قرار دیا گیا۔
ڈاکٹر رامیشور سنگھ نے بنی سے بی جے پی امیدوار اور سابق ایم ایل اے جیون لال کو ۲۰۴۸ ووٹوں سے شکست دی۔ سنگھ کو۱۸ہزار۶۷۲ووٹ ملے جبکہ لال کو۱۶ہزار۶۲۴ ووٹ ملے۔
نیشنل کانفرنس کے ایک سینئر رہنما نے کہا کہ انتخابات سے پہلے نیشنل کانفرنس کا حصہ رہنے والے چار آزاد ایم ایل اے پارٹی قیادت کے ساتھ رابطے میں ہیں اور جلد ہی دوبارہ شامل ہوجائیں گے۔ ایم ایل اے کے پارٹی میں واپس آنے کے بعد این سی اپنے بل بوتے پر حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کر سکتی ہے۔
شوپیان حلقے سے الیکشن جیتنے والے شبیر احمد کلے‘ جنہوں نے آزاد امیدوار کے طور الیکشن لڑا ‘ بھی این سی کی حمایت کریں گے ۔ کلے کا تعلق بھی این سی سے ہی تھا ‘ لیکن ٹکٹ نہ ملنے پر انہوں نے آزادامیدوار کے طور الیکشن لڑا اور این سی کے امیدوار شیخ محمد رفیع کو۱۲۰۷ ووٹوں سے ہرا دیا کلے نے۱۴ہزار۱۱۳ ووٹ حاصل کئے۔
نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر کی ۹۰ رکنی اسمبلی میں ۴۲ نشستیں جیت کر سب سے بڑی پارٹی کے طور پر ابھری ہے جبکہ بی جے پی نے ۲۹ نشستیں حاصل کرکے اپنے مضبوط گڑھ جموں کو برقرار رکھا ہے اور کانگریس نے ۶نشستیں حاصل کی ہیں۔