سرینگر//
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے شانگس علاقے میں ٹریٹوریل آرمی کے لاپتہ جوان کی لاش بدھ کو بر آمد کی گئی۔
فوجی ذرائع نے بتایا کہ منگل کے روز اننت ناگ میں لاپتہ ہونے والے فوجی جوان کی لاش الترسو کے سنگلدان جنگل میں بر آمد کی گئی۔
فوجی جوان کی شناخت ہلال احمد بٹ کے طور پر کی گئی ہے ۔
ذرائع نے کہا کہ لاش کو طبی و قانونی لوازمات کی ادائیگی کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔
قبل ازیں فوج کی چنار کور نے بدھ کی ’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں کہا’’انٹلی جنس اطلاع پر فوج نے جموں وکشمیر پولیس اور دیگر ایجنسیوں کے ساتھ کوکر ناگ کے کازون جنگل میں۸؍اکتوبر کو مشترکہ انسداد دہشت گردی آپریشن چلایا‘‘۔
فوج نے کہا’’ٹریٹوریل آرمی کے ایک جوان کے لاپتہ ہونے کی اطلاع کے پیش نظر آپریشن رات بھر جاری رہا‘‘۔
پوسٹ میں کہا گیا کہ علاقے میں وسیع پیمانے پر ریسکیو اور تلاشی آپریشن جاری ہے ۔
اطلاعات کے مطابق ٹریٹوریل آرمی کے دو جوان جنوبی ضلع اننت ناگ کے اترسو شانگس علاقے میں گئے تھے جہاں ان کا آمنا سامنا ملی ٹینٹوں کے ساتھ ہوا اس دوران ایک جوان اپنے یونٹ میں واپس پہنچنے میں کامیاب ہوا اور اس واقعے کو بیان کیا۔
اس دوران لیفٹیننٹ گورنر ‘منوج سنہا نے ہلال احمد بٹ کو پھولوں کی چادر چڑھائی اور خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے قوم کیلئے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
سنہا نے کہا کہ میں اپنی فوج کے بہادر سپاہی ہلال احمد بٹ کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں۔ان کاکہنا تھا’’ ان کی بہادری اور قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم شہید کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔‘‘