سرینگر//
جموں کشمیر کے گرمائی دارالخلافہ سری نگر کے گنجان آبادی والے علاقے گرو بازار میں بدھ کی سہ پہر اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ رہائشی مکانات مکمل طور پر خاکستر ہو گئے ۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید افرا تفری کا ماحول دیکھنے کو ملا۔
عینی شاہدین کے مطابق، آگ ایک رہائشی مکان سے شروع ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے اپنے اردگرد موجود دیگر چار مکانوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور مقامی لوگوں کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کارروائی شروع کی گئی۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک سینئر افسر نے یو این آئی کو بتایا کہ جائے وقوعہ پر چھ فائر ٹینڈروں کو روانہ کیا گیا تھا۔ کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا، تاہم تب تک تین رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچ چکا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا ہے ، تاہم متاثرہ خاندانوں کو شدید مالی نقصان کا سامنا ہے ۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور متاثرہ افراد کو ابتدائی راحت فراہم کی جا رہی ہے ۔
پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آگ لگنے کی اصل وجہ جاننے کے لیے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔
ادھر مقامی مکینوں نے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی بروقت کارروائی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگر تاخیر ہوتی تو نقصان کہیں زیادہ ہو سکتا تھا۔ متاثرہ خاندانوں نے حکومت سے فوری امداد اور بحالی کے اقدامات کی اپیل کی ہے ۔