نئی دہلی/۱ ۷اگست
جموں کشمیر اپنی پارٹی کے نائب صدر ‘چودھری ذوالفقار علی نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ان قیاس آرائیوں کے درمیان ملاقات کی کہ وہ اگلے ماہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں۔
ایڈوکیٹ علی نے 2008 اور 2014 کے اسمبلی انتخابات میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے ٹکٹ پر راجوری ضلع کے درہال اسمبلی حلقہ سے کامیابی حاصل کی تھی۔ وہ 2015 سے 2018 تک محبوبہ مفتی کی قیادت والی پی ڈی پی-بی جے پی مخلوط حکومت میں کابینی وزیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
جون 2018 میں قومی پارٹی کے حکومت سے الگ ہونے کے بعد مخلوط حکومت گر گئی تھی۔ سابق وزیر الطاف بخاری کی قیادت میں پی ڈی پی کے کئی رہنماو¿ں نے بعد میں 2020 میں اپنی پارٹی کی بنیاد رکھی اور علی اس کے بانی ممبروں میں سے ایک تھے۔
بی جے پی کے ایک رہنما نے بتایا کہ علی نے دہلی میں وزیر داخلہ سے ملاقات کی اور اسمبلی انتخابات سمیت جموں و کشمیر سے متعلق کئی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ان کاکہنا تھا”علی نے بی جے پی میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہارکیا۔ انتخابات سے قبل ان کی شمولیت پارٹی کے لئے ایک بڑا حوصلہ افزائی ہوگی جو مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اپنے بل بوتے پر حکومت بنانے پر نظر یں جمائے ہوئے ہے“۔
الیکشن کمیشن نے جمعہ کو جموں و کشمیر میں تین مرحلوں میں 18 ستمبر، 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو اسمبلی انتخابات کا اعلان کیا اور کہا کہ ووٹوں کی گنتی 4 اکتوبر کو ہوگی۔ (ایجنسیاں)