نئی دہلی/۱۴اگست
جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع کے عسر علاقے میں چہارشنبہ کے روز ملی ٹنٹوں کے ایک گروپ کے ساتھ تصادم کے بعد ایک فوجی افسر ہلاک ہو گیا۔ ایک شہری بھی زخمی ہوا۔
ملی ٹنٹوں کی گرفتاری کے لیے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جن میں سے ایک زخمی ہو گیا ہے۔
دریں اثنا، سیکورٹی فورسز نے مقابلے کے مقام سے ایک امریکی ساختہ ایم 4 اسالٹ رائفل اور مختلف آلات کے ساتھ تین راک سیکس برآمد کیے۔
این ڈی ٹی وی کوذرائع نے بتایا کہ فوج کو منگل کی شام ملی ٹنٹوں کے ٹھکانے کی اطلاع دی گئی تھی ، جس کے بعد انہوں نے دشمن کو نشانہ بنایا۔ گزشتہ رات فائرنگ کا مختصر تبادلہ ہوا اور آج صبح آپریشن دوبارہ شروع ہوا۔
جموں خطے میں یہ تازہ ترین حملہ یوم آزادی کی تقریبات سے ایک دن پہلے ہوا ہے اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال سمیت سینئر شخصیات نے شرکت کی۔
اس دوران یو این آئی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے عسر شیو گڑھ علاقے میں جائے انکاﺅنٹر سے ایک ایم فور رائفل اور دیگر جنگی سامان جیسا سٹور بر آمد کیا ہے جبکہ علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ عسر کے شیو گڑھ علاقے میں بدھ کی صبح تلاشی آپریشن کے دوران ایک ایم فور رائفل اور تین بیک پیکس بھی بر آمد کئے گئے ۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں خون کے دھبے بھی دیکھے گئے ۔بعض اطلاعات کے مطابق اس انکاﺅنٹر کے دوران ایک ملی ٹنٹ زخمی ہوا ہے ۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ خیال کیا جاتا ہے کہ دہشت گرد شیو گڑھ علاقے میں چھپے ہوئے ہیں جن کی تلاش کے لئے وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے ۔
بتادیں کہ ایک جموں نشین دفاعی ترجمان نے منگل کی شام ’ایکس‘ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد فوج اور جموں وکشمیر پولیس نے مشترکہ طورپر پٹنی ٹاپ کے جنگلی علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران وہاں پر گولیوں کا تبادلہ ہوا۔
ذرائع کے مطابق کوکر ناگ،پٹنی ٹاپ ، ادھم پور اور کشتواڑ کے جنگلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے ۔