سرینگر//
مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں و کشمیر میں بدھ کو سرینگر،لداخ ہائی وے کے زوجیلا پاس پر ایک گاڑی سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں گرجانے سے ۹؍ افراد ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔
پولیس نے بتایا کہ کرگل سے سون مرگ جانے والی ایک ٹویرا کار سڑک سے پھسل کر سرینگر،لداخ ہائی وے پر چنی نالہ مندر موڑ پر ۶۰۰ سے ۵۰۰فٹ گہری کھائی میں گرگئی۔
پولیس نے بتایا کہ گاڑی کے ڈرائیور سمیت ۹؍افراد کی موت ہو گئی جبکہ ایک زخمی شخص کو علاج کے لیے شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایس کے آئی ایم ایس) سری نگر بھیجا گیا ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی میں کتنے افراد سوار تھے ۔
جموں و کشمیر پولیس، فوج، بیکن اور مقامی لوگوں نے جائے موقع پر پہنچ کر بچاؤ مہم شروع کی۔
جموں و کشمیر کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر عامر علی نے کہا’’سرینگر،لداخ ہائی وے کے زوجیلا پاس پر ایک تویرا کار گہری کھائی میں گرجانے سے سات سے آٹھ افراد کی موت ۔ پولیس، فوج، بیکن، مقامی افراد موقع پر پہنچے ۔‘‘
مرنے والوں کی شناخت اظہر اقبال ولد لیاقت حسین (ڈرائیور) ساکنہ پونچھ، انکیت دلیپ ولد دلیپ کمار ساکنہ سورت، گجرات، گاندھی مارمو اس کے والد منگل مارمو ولد قدم مارمو ساکنہ جھارکھنڈ، رنجیت کمار ولد ساکنہ پونچھ کے طور پر ہوئی ہے۔ روہت کمار ساکنہ پھٹھانکوٹ پنجاب، محمد اسلم پارے ولد عبدالرشید پارے ساکنہ کولگام، نانک چند (نائب صوبیدار) ولد بھگوان چند ساکنہ متھرا، اتر پردیش، دلیشور سدھار ولد گورکھ ناتھ ساکنہ سدر چھتیس گڑھ اور سنیل لال ساکنہ۔
واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ اطلاع کے فوراً بعد انہوں نے جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔’’ہم ابتدائی طور پر سات افراد کو بازیافت کرنے میں کامیاب رہے اور بعد میں مسلسل کوششوں کے بعد دیگر دو لاشوں کو بھی نکال لیا گیا۔‘‘