سرینگر/24جون
سالانہ امر ناتھ جی یاترا کے دوران یاتریوں اور سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی خاطر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کماراور آئی جی کشمیر وی کے بردھی نے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
اطلاعات کے مطابق سالانہ امر ناتھ یاترا کو بہ احسن خوبی پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر سیکورٹی کے فقیدالمثال انتظامات کئے گئے ہیں۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ آئی جی کشمیر وی کے بردی نے بالہ تل میں سیکورٹی انتظامات کا بچشم جائزہ لیا، اس موقع پر آفیسر موصوف کو یاترا روٹوں پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی۔
انہوں نے کہاکہ بعد ازاں آئی جی کشمیر کو پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے بالہ تل میں کئے جا رہے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔
آئی جی کشمیر نے اس موقع پر آفیسران پر زور دیا کہ وہ چوبیس گھنٹے متحرک رہے تاکہ امن دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ سالانہ امر ناتھ یاترا کے دوران یاتریوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کے لئے زمینی سطح پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔
دریں اثنا اے ڈی جی پی وجے کمار نے بھی سالانہ امر ناتھ یاترا کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔
اے ڈی جی پی نے قومی شاہراہ پر حفاظتی اقدامات کا مشاہدہ کرنے کے ساتھ ساتھ یاترا گاڑیوں کو فراہم کی جارہی سیکورٹی کا بھی ذاتی طورپر معائنہ کیا۔
وجے کمار نے جوانوں سے کہاکہ سیکورٹی چیلنجوں سے بہتر طریقے سے نمٹنے اور قومی شاہراہ پر یاتریوں کی حفاظت اور ہموار نقل وحمل کو یقینی بنانے کی خاطر بھی زمینی سطح پر اقدامات کئے جائیں۔
ذرائع نے بتایا کہ یاترا کے احسن انعقاد کےلئے ’امسال یاترا کے لئے جموں صوبہ میں سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں، لکھن پور سے جواہر ٹنل تک جو 268 کلو میٹر قومی شاہراہ پانچ اضلاع کٹھوعہ، سانبہ، جموں، اودھم پور اور رام بن سے گزرتی ہے ، کو مختلف زونوں اور سیکٹروں میں تقسیم کیا گیا ہے اور زونل سطح پر ایک افسر کو لگایا گیا ہے ‘۔
انہوں نے کہا کہ یاترا کو سب سے زیادہ دراندازی کا خطرہ رہتا ہے جس کے لئے سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کیا گیا ہے ۔