سرینگر/ 21 جون
کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ رک رک کر ہلکی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔
موسمیات محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 21 جون کو بیشتر مقامات پر رک رک کر ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 22 اور 23 جون کو بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کا امکان ہے ۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 24 سے 28 جون تک موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے تاہم اس دوران کہیں کہیں ہلکی بارشوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ جموں صوبے کے میدانی علاقوں میں 22 جون سے گرمی کی لہر ایک بار پھر تیز ہوسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سری نگر میں 5.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 4.2 ملی میٹر اور کپوارہ میں 4.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
وادی کے سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں بالترتیب1.4 ملی میٹر اور4.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
وادی میں ناساز موسمی حالات کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں کہیں اضافہ تو کہیں گراوٹ درج ہوئی ہے ۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 15.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت13.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
ایک اور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 10.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت10.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت12.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت16.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 14.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت13.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔