نئی دہلی/۱۱جون
امت شاہ نے منگل کو یہاں مسلسل دوسری بار مرکزی وزیر داخلہ کا عہدہ سنبھال لیا۔
چارج سنبھالنے سے پہلے مسٹر شاہ نے صبح 10.30 بجے چانکیہ پوری میں نیشنل پولیس میموریل کا دورہ کیا اور شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کے ساتھ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے اور مرکزی داخلہ سکریٹری اجے کمار بھلا بھی تھے ۔
گجرات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی روایتی سیٹ گاندھی نگر سے جیت کر لوک سبھا پہنچنے والے مسٹر شاہ کو مسلسل دوسری بار انتہائی اہم وزارت داخلہ کا چارج دیا گیا ہے ۔
چارج سنبھالنے کے لیے نارتھ بلاک پہنچنے پر مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے اور بنڈی سنجے کمار نے گلدستے کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔
اپنی پہلی میعاد میں مسٹرشاہ نے جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 کو ہٹانے ، جموں و کشمیر کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کرنے ، برطانوی دور میں نافذ فوجداری انصاف کے نظام کو تبدیل کرنے اور شہریت ترمیمی قانون جیسے اہم فیصلے لئے تھے ۔