نئی دہلی/جموں/۹مئی
بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے جمعہ کو کہا کہ اس نے جموں میں ہندوستان پاکستان بین الاقوامی سرحد کے پار سے دراندازی کی کوشش کرنے والے سات دہشت گردوں کو مار گرایا ہے اور رینجرز کی ایک چوکی کو بھی تباہ کردیا ہے۔
یہ واقعہ 8 اور 9 مئی کی درمیانی شب سانبہ سیکٹر میں اس وقت پیش آیا جب نگرانی گرڈ نے دہشت گردوں کے ایک ’بڑے گروپ‘ کا سراغ لگایا۔
بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ دراندازی کی اس کوشش کو پاکستان رینجرز کی چوکی دھندھر کی فائرنگ سے مدد ملی۔
انہوں نے کہا کہ فوجیوں نے دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے کم از کم سات دہشت گردوں کو مار گرایا اور دھندھار پوسٹ کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا۔
22 اپریل کے پہلگام دہشت گردانہ حملے اور جوابی کارروائی میں پاکستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ہندوستان کے حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان موجودہ کشیدگی کے پیش نظر فورس ہائی الرٹ پر ہے۔