سرینگر/۱۴مارچ
راشی ملازمین کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے اینٹی کرپشن بیورو نے پیر کے روز لار گاندربل علاقے میں ولیج لیول ورکر کو تین ہزار روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
اے سی بی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اینٹی کرپشن بیورومیں ایک شخص نے تحریری طورپر شکایت درج کی کہ اندرون گاوں میں تعمیراتی کاموں کے حوالے سے حق اطلاعات کے تحت ایک درخواست متعلقہ محکمہ میں جمع کی تاہم ولیج لیول ورکر نے رشوت کا تقاضا کیا۔
ترجمان نے کہاکہ شکایت موصول ہوتے ہی اینٹی کرپشن بیورو نے اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر ۱۰/۲۰۲۲ کے تحت ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔اْن کے مطابق اینٹی کرپشن بیورو نے ایک جال بچھایا جس دوران اندروان بلاک لار گاندربل کے ولیج لیول ورکرمحمد یعقوب کامبے کو سائل سے تین ہزار روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
اے سی بی کے ترجمان نے بتایا کہ آزاد گواہوں کی موجودگی میں ولیج لیول ورکر سے رشوت کی رقم برآمد کرکے ضبط کی گئی ہے۔اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔