جموں//
جموں وکشمیر کے راجوری ضلع کے شاردا شریف علاقے میں پیر کی شام مشتبہ ملی ٹینٹوں نے ٹریٹوریل آرمی میں تعینات جوان کے گھر پر اندھادھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں فوجی اہلکار کا بھائی گولیاں لگنے سے برسر موقع ہی جاں بحق ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ فائرنگ کے بعد سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق راجوری کے شاردا شریف علاقے میں پیر کی شام اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب مشتبہ ملی ٹینٹوں نے ٹریٹوریل آرمی میں تعینات فوجی اہلکار کے گھر میں گھس کر وہاں پر فائرنگ شروع کی ۔
معلوم ہوا ہے کہ فائرنگ کے اس واقعے میں آرمی جوان کا بھائی شدید طورپر زخمی ہوا ، گر چہ اس کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پرتعینات ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
متوفی کی شناخت۴۰سالہ محمد رزاق ولد محمد اکبر کے بطور ہوئی ہے ۔
دریں اثنا سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ راجوری میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے تاکہ حملہ آوروں کو جلدازجلد انجام تک پہنچایا جاسکے ۔