سرینگر/۱۲مارچ(یو این آئی )
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ سے گذشتہ۲۴روز سے لاپتہ۶۵سالہ سبکدوش سرکاری ملازم کی لاش ہفتے کے روز دریائے جہلم سے بر آمد کی گئی۔
بتادیں کہ پلوامہ کے۶۵سالہ محکمہ پی ڈی ڈی کے سبکدوش ملازم عبدالغنی بٹ ولد محمد صدیق بٹ۱۶فروری کو لاپتہ ہوگئے تھے ۔
ذرائع نے بتایا کہ پلوامہ کے۶۵سالہ محکمہ پی ڈی ڈی کے سبکدوش ملازم کی لاش ہفتے کے روز دریائے جہلم سے لاش بر آمد کی گئی۔
ذرائع نے کہا کہ مقامی لوگوں نے لاش کو دیکھتے ہی فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا اور اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس کی ایک ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لیا۔
پولیس نے اس ضمن میں مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔
’پہلے ریاستی درجے کی بحالی پھر انتخابات ہونے چاہئیں‘
سرینگر/۱۲مارچ
کانگریس کمیٹی کی جموں کشمیر امور کی انچارج اور رکن پارلیمان رجنی پاٹل کا کہنا ہے کہ انتخابات سے پہلے جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں کانگریس کو ایک مضبوط سنگٹھن بنانے کی ضرورت ہے ۔
کانگریس انچارج نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں پارٹی ورکروں کے ایک اجلاس کے اختتام پر نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران کیا۔
پارٹی ورکروں کے اس اجلاس میں غلام احمد میر کے علاوہ کئی سینئر لیڈروں اور ورکروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پاٹل نے کہا’’ابھی چناؤ کا اعلان بھی نہیں ہوا ‘حد بندی کمیشن کی سفارشات بھی آنی ہیں‘ ہم سوچ رہے ہیں ک پہلے ریاست کا درجہ بحال ہونا چاہئے جیسا کہ امیت شاہ جی نے وعدہ کیا ہے ‘‘۔
کانگریسی لیڈر کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پہلے جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال ہوجائے پھر انتخابات کا انعقاد ہوجائے ۔
پنجاب انتخابات کے بارے میں پوچھے جانے پر رجنی پاٹل نے کہا’’ہار کی وجہ لیڈروں کی اندرونی رسہ کشی بھی ہو سکتی ہے اس کیلئے سی ڈبلیو سی کی میٹنگ ہونے والی ہے جس میں تمام معاملات پر بات کی جائے گی‘‘۔
اترپردیش انتخابات میں پارٹی کی ہار کے متعلق ان کا کہنا تھا’’وہاں ایک مضبوط سنگٹھن کی ضرورت ہے ہماری پرینکا جی یا راہل جی اکیلے کب تک لڑیں گے ۔‘‘