سرینگر//
وادی کشمیر کے بالائی علاقوں کے بعد اب میدانی علاقوں میں بھی طویل خشک موسمی صورتحال کا سلسلہ ختم ہونے کی پیش گوئی کے ساتھ لوگوں کی دعائیں اور نمازیں رنگ لانے کی امید ظاہر ہوئی ہے ۔
محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں اگلے کم و بیش ایک ہفتے کے دوران برف وباراں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کسانوں سے باغوں کی دوا پاشی کرنے سے احتراز کرنے کی صلاح دی ہے ۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق دو درمیانی درجے کی مغربی ہوائوں کے نتیجے میں جموں کشمیر میں ۲۸جنوری کی دوپہر سے۳فروری تک موسم خراب رہ سکتا ہے ۔
ترجمان نے کہا’’وادی میں۲۸اور۲۹جنوری کو کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں یا برف باری کا امکان ہے‘‘۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اس دوران کپوارہ، بارہمولہ، گاندربل، شوپیاں اور کولگام اضلاع کے بالائی علاقوں میں بھاری برف باری ہوسکتی ہے ۔
موسمیات محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں وادی کے کئی مقامات۳۰؍اور۳۱جنوری کو بھی ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں یا برف باری کا امکان ہے اور مذکورہ بالا اضلاع کے بالائی علاقوں میں بھاری برف باری ہوسکتی ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ وادی میں یکم فروری سے ۳فروری تک بھی کئی مقامات پر بارشوں یا برف باری کا امکان ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس دوران صوبہ جموں کے میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ رک رک کر بارشیں متوقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ایک ہفتے کے دوران وادی میں دن کے درجے حرارت میں گراوٹ ریکارڈ ہوسکتی ہے ۔
محکمے نے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ برف باری کے باعث وادی کے پہاڑی علاقوں خاص کر سنتھن پاس، مغل روڈ، سادھنا پاس، رازن پاس اور زوجیئلا پاس پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل متاثر ہو سکتی ہے ۔انہوں نے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ اس دوران باغوں یا کھیتوں کی دوا پاشی یا آب پاشی کرنے سے احتراز کریں اور کھیتوں یا باغوں میں جمع پانی کی نکاسی کا بند و بست کریں۔
ادھر محکمہ موسمیات کی طرف سے برف و باراں کی پیش گوئی سے لوگ خاص طور پر کسانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔کسانوں کا کہنا ہے کہ برف وباراں سے ان کے کھیت کھلیان اور باغ دوبارہ زندہ ہوں گے ۔
ادھر وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر گراوٹ درج ہونے سے سردی میں بھی مزید اضافہ ہوا ہے ۔
گرمائی دار لوحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۳ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۵ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۴ء۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۷ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
ایک اورسیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۱ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۴ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۴ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۵ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۲ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۲ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۸ء۹ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۵ء۱۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔