جموں//
جموں میں ہونے والے پہلے ایئر شو میں ہندوستانی فضائیہ (آئی اے ایف) کی فلائنگ مشین۲۱ستمبر کو مغربی سرحدوں کے نزدیک آسمان پر منڈلائے گی۔
اپنی نوعیت کا یہ پہلا ایئر شو۲۱ستمبر کو جموں میں بھارتی فضائیہ کی طرف سے۸؍اکتوبر۲۰۲۳کو۹۱ویں سالگرہ کے ضمن میں منعقد کیا جا رہا ہے اور اس میں لوگ سخوئی، رافیل جیسے جنگی طیاروں اور اپاچی جیسے جنگی ہیلی کاپٹروں کو جیٹ کی رفتار سے اڑتے دیکھیں گے ۔
ایک اہلکار نے بتایا’’پہلی بار جموں میں اس طرح کی تقریب منعقد ہونے جا رہی ہے جس کے لیے آئی اے ایف حکام کی جانب سے ضلع انتظامیہ کے ساتھ مل کر مہمانوں کے لیے تمام خصوصی بندوبست کیے جا رہے ہیں‘‘۔
گزشتہ سال، ہندوستانی فضائیہ کی سالگرہ کے موقع پر۱۲؍اکتوبر کو ادھم پور میں ایئر شو کا انعقاد کیا گیا تھا۔
ایک اہلکار نے مزید کہا کہ تقریباً دو درجن جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹر آسمان میں اپنی مہارتوں کا مظاہرہ کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا’’کچھ طیارے شمالی فضائی اڈوں جیسے امبالا، جالندھر، چنڈ گڑھ سے اڑ کر جموں پہنچیں گے ‘‘۔
اس ایئر شو میں اسکائی ڈائیونگ ایک اضافی کشش ہوگی۔