سرینگر//
جموںکشمیر کے دارلخلافہ سرینگر کے برین نشاط علاقے میں آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات کے دوران چار مکان خاکستر ہوئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پیر کی سہ پہر کو پانچ بجکر۳۰منٹ پر برین نشاط علاقے میں رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل مزید کئی مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں اگر چہ آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات کے دوران چار مکان مکمل طورپر خاکستر ہوئے اور اُن میں موجود لاکھوں روپیہ مالیت کی املاک بھی تباہ ہوئی ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران ایک شہری زخمی ہوا جس سے علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ کی اس بھیانک واردات کے دوران چار مکان مکمل طورپر خاکستر ہوئے جبکہ مزید تین کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے ۔
بتادیں کہ وادی کشمیر میں خشک سالی کے باعث پچھلے ایک ماہ کے دوران شہر و گام میں آگ کی متعدد وارداتیں رونما ہوئیں جس دوران کروڑوں روپے مالیت کی املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی ہے ۔