سرینگر//
بھارتیہ جنتاپارٹی(بی جے پی) کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے منگل کے روز کہاکہ کشمیر کے لوگوں نے بہت مظالم سہے ہیں۔
رینا نے کہاکہ یہاں کے لوگوں کا استحصال کیا گیا لیکن بھاجپا نے یہاں کے لوگوں کو انصاف فراہم کرنے کی خاطر کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا۔
ان باتوں کا اظہار رینا نے شوپیاں میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ کشمیر میں حالات اب معمول پر آچکے ہیں اور لوگ بھی اب پر امن طورپر اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔
ریناکے مطابق کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ہمیشہ نا انصافی کی گئیں یہاں کے لوگوں پر مظالم ڈھائے گئے لیکن بی جے پی کی سربراہی میں مرکزی حکومت نے یہاں کے لوگوں کے ساتھ انصاف کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگ امن کے خواہاں ہے اور ہر کوئی پر امن زندگی گزارنا چاہتا ہے ۔
بی جے پی کے یونٹ صدر نے مزید کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت کشمیر کے لوگوں کو انصاف فراہم کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اُٹھا رہی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ آج جموں وکشمیر کے ہر ضلع میں تعمیر وترقی کے کام چل رہے ہیں، امن و امان ہر سو قائم ہے اور لوگ بھی اس کا اعتراف کر رہے ہیں۔
رینا نے کہاکہ ہر شخص کے اندر خدمت خلق کا جذبہ ہونا چاہئے اور یہ پیغام ہمارے پیارے نبی ؐ نے دیا ہے جس پر سب کو عمل کرنی چاہئے ۔انہوں نے بتایا کہ پیارے نبیؐ کا قول ہے کہ ہر شخص میں حب الوطنی کا جذبہ ہونا چاہئے اور کشمیر کے لوگوں نے ہمیشہ بھارت کے ساتھ اپنی وابستگی جتائی ہے ۔
پہاڑی ضلع شوپیاں کی ذکر کرتے ہوئے رویندر رینا نے کہاکہ یہاں کا سیب پوری دنیا میں مشہور ہے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیر دو چیزوں سے جانا چاہتا ہے ایک قدرتی نظارے اور دوسرا یہاں کا سیب ۔
رینا کا کہنا تھا کہ سیب کشمیر کی معیشت میں ریڑھ کی حیثیت رکھتے ہیں۔اس موقع پر وقف بورڈکی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے بھی خطاب کیا۔