سرینگر//
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سنہا کا کہنا ہے کہ سوامی اشوک آنند جی کی حیات اور تعلیمات ہمارے معاشرے کی رہنمائی کرتی رہیں گی اور ہمیں روحانی و سماجی ترقی کیلئے کام کرنے کی ترغیب دیتی رہیں گی۔
سنہا نے لوگوں سے صحت مند زندگی گذارنے کیلئے یوگا اختیار کرنے کی تاکید کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے منگل کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے نگ ڈنڈی اچھ بل میں کرشن مہا سملین آشرم کے بانی سوامی اشوک آنند جی کو گلہائے عقیدت پیش کئے ۔
اس موقع پر انہوں نے یوگا شکشا شیویر میں مختلف ریاستوں اور یونین ٹریٹریوں سے آنے والے شرکا سے خطاب بھی کیا۔
سنہا کا خطاب میں کہنا تھا کہ سوامی اشوک آنند جی کی حیات اور تعلیمات ہمارے معاشرے کی رہنمائی کرتی رہیں گی اور ہمیں روحانی و سماجی ترقی کیلئے کام کرنے کی ترغیب دیتی رہیں گی۔
ایل جی نے کہا کہ صحت مند زندگی گذارنے کے لئے لوگوں کو یوگا اختیار کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا’’یوگا تنائو کی سطح کو کم کرتا ہے اور ہمیں موجودہ دور میں جینا سکھاتا ہے ‘‘۔
سنہا کا کہنا تھا’’یوگا ہمیں مقدس صحیفوں کی طرف سے بیان کر دہ اقدار کو اپنانے اور صالح راستے پر چلنے کی ترغیب دیتا ہے اور یوگا امن، ذہن سازی، جسمانی اور ذہنی طاقت کے دروازے کھولتا ہے ‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی کاوشوں سے یوگا ایک صحت مند معاشرے کیلئے ایک عوامی تحریک بن گیا ہے ۔
سنہا نے کہا کہ یوگا کا تعلق تمام دنیا سے ہے درحقیقت تمام بنی نوع انسان سے ہے ،یوگا بطور سائنس جسم اور دماغ کے درمیان، لوگوں، خطوں اور ملکوں کے درمیان اتحاد پیدا کرتا ہے تاکہ ہم صحت مند اور خوش رہ سکیں اور انسانیت کی ترقی اور بہبود میں اپنا حصہ ادا کر سکیں۔
ایل جی نے شری رام کرشنا مہا سملین آشرم سے جڑے تمام لوگوں کو مبارکباد پیش کی اور ان کی قوم اور معاشرے کے لئے کی جانی والی خدمات کی سراہنا کی۔
سنہا نے کہا کہ بے لوث خدمت تنوع میں اتحاد کی روح کو مستحکم کرتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوششیں دونوں روحانی اور سماجی و معاشی ترقی کی منزلوں کو طے کرنا ہونی چاہئے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم ایک ایسے مستقبل کی دہلیز پر ہیں جہاں سیکھنے اور مراقبہ کے مراکز آتم نربھر بھارت کی تعمیر کے لئے تربیت اور رہنمائی ہمارے مضبوط انسانی وسائل کی بنیاد بنا سکتے ہیں۔