سرینگر//
جموںکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے چھانہ پورہ علاقے میں منشیات فروش کے قبضے سے آٹھ سو نشہ آور بوتلیں برآمد کرکے ضبط کی گئیں۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ چھانہ پورہ میں ناکہ چیکنگ کے دوران سکارپیو گاڑی نے رکنے کا اشارہ نظر انداز کیا جس کے بعد پولیس نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر گاڑی کو روک کر اس کی تلاشی لی۔
ترجمان نے بتایا دوران تلاشی سکارپیو گاڑی سے آٹھ سو کوڈین بوتلیں برآمد ہوئیں۔انہوں نے مزید کہاکہ گاڑی میں سوار منشیات فروش جس کی شناخت محمد یوسف راتھر ساکن خان کالونی چھانہ پورہ کے بطور ہوئی ہے کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔
پولیس نے اس ضمن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔
دریں اثنا پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات اور نشیلی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلع کریں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی سماج کے لئے ناسور بن چکی ہے لہذا اس کا قلع قمع کرنے کی خاطر ہر ایک کو اپنا دست تعاون فراہم کرنا چاہئے ۔