نئی دہلی//
لداخ کے ایک چھ رکنی وفد نے پیر کو مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ‘ نتیانند رائے سے آئین کے چھٹے شیڈول کے تحت ریاست اور خصوصی درجہ جیسے مطالبات کو لے کر طویل عرصے سے جاری احتجاج کے درمیان ملاقات کی۔
یہ میٹنگ کئی مہینوں کے بعد ہوئی ہے جب لیہہ اور کرگل کی کئی سماجی، مذہبی، سیاسی اور نوجوان تنظیموں نے مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے قائم کردہ اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی میں حصہ لینے سے انکار کر دیا تھا تاکہ لداخ کے لوگوں کے لیے ’زمین اور روزگار کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے‘‘۔
وفد کے ایک رکن سماجی سیاسی کارکن سجاد حسین نے کہا کہ ہم نے اپنے مطالبات پر تبادلہ خیال کیا اور اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کی تشکیل پر اپنا اعتراض اٹھایا۔
وفد میں لداخ کے سابق ایم پی تھوپستان چھیوانگ اور لیہہ اپیکس باڈی کے سابق ایم ایل اے چیرنگ دورجے اور نوانگ رگزن جورا شامل تھے۔ قمر علی آخون اور حاجی اصغر علی کربلائی ‘ دونوں سابق ایم ایل اے‘ اور حسین نے کرگل ڈیموکریٹک الائنس کی نمائندگی کی۔
علی، آخون، دورجے اور رگزن سابقہ جموں و کشمیر اسمبلی کے ممبر تھے۔ دورجے، رگزن اور اخون بھی ریاستی حکومت میں وزیر تھے۔
گروپ کے مطالبات میں ریاست کا درجہ، چھٹے شیڈول کے تحت خصوصی درجہ، لیہہ اور کرگل کے لیے الگ الگ لوک سبھا سیٹیں اور پڑھے لکھے مقامی نوجوانوں کے لیے بھرتی مہم شامل تھی۔
آئین کا چھٹا شیڈول بعض قبائلی علاقوں کو زیادہ انتظامی اور سیاسی خود مختاری فراہم کرتا ہے۔
مرکز کے زیر انتظام علاقہ لداخ کو۲۰۱۹ میں سابقہ ریاست جموں و کشمیر سے الگ کر دیا گیا تھا۔
پچھلے دو سالوں میں، لداخ کے لوگوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے لیہہ اور کارگل دونوں جگہوں پر مظاہرے ہوئے ہیں۔
لیہہ اپیکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس، جو دونوں خطوں کے مختلف سماجی اور مذہبی گروہوں کی نمائندگی کرتے ہیں، نے اگست۲۰۲۱میں اپنے مطالبات کے لیے دباؤ ڈالنے کے لیے ہاتھ ملایا۔جنوری میں، وزارت نے لداخ کے لوگوں کے لیے ’زمین اور روزگار کے تحفظ کو یقینی بنانے‘کے لیے رائے کی سربراہی میں ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔
تاہم دونوں اداروں نے اس کے ایجنڈے اور ساخت پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے کمیٹی کو مسترد کر دیا۔فروری میں، لداخ کے نمائندوں اور لوگوں نے اپنے مطالبات کیلئے دہلی کے جنتر منتر پر ایک مظاہرہ کیا۔