جموں//
جموںکشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں پولیس نے ایک قتل کیس کو صرف ۴گھنٹوں کے اندر ہی حل کرکے ملزم کو گرفتار کیا ہے ۔
ایس ایس پی ڈوڈہ ‘عبدالقیوم نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ پولیس اسٹیشن گنڈوہ کو ایک اطلاع موصول ہوئی کہ جمعہ کی شام چار بجے گنڈوہ علاقے میں بھیرائو سنگھ نامی ایک شخص نے رام کرشن اور اس کی بیٹی پر کلہاڑی سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں رام سنگھ کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ اس کی بیٹی زخمی ہوگئی۔
قیوم نے کہا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی ایس ایچ او اور ایس ڈی پی او گنڈوہ جائے واردات پر پہنچ گئے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے اپنی تحویل میں لے لیا اور زخمی خاتون انجو دیوی کو علاج و معالجے کیلئے ہسپتال منتقل کیا۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ بعد ازاں ملزم کی تلاش کیلئے۱۰ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے جنگل علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور اس دوران ایس ڈی پی او گنڈوہ کی سربراہی والی ٹیم نے ملزم کو حملہ کرنے کیلئے استعمال کئے جانے والے ہتھیار سمیت پکڑ لیا۔
قیوم نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم مزدوری کرتا تھا اور دو گرپوں کے درمیان تعمیراتی کام کیلئے استعمال کئے جانے والے پتھروں پر کوئی تنازعہ تھا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔