سرینگر/28 اپریل
وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر،کرگل شاہراہ تازہ برف باری کے باعث ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے ایک بار پھر بند کر دی گئی ہے ۔
ادھر وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر، جموں قومی شاہراہ پر ایک بڑے ٹریلر ٹرک کے پھنسنے کی وجہ سے ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوگئی ہے ۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ سرینگر، کرگل شاہراہ کو تازہ برف باری کے باعث ٹریفک کےلئے ایک بار پھر بند کر دیا گیا ہے ۔
بتادیں کہ اس شاہراہ پر زوجیلا پاس پر برفانی تودا گرنے کی وجہ سے جمعرات کو گیارہ دنوں کے بعد ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بحال کر دی گئی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ شاہراہ سے برف صاف کرنے کا کام شروع کیا گیا ہے تاہم اس کو قابل آمد و رفت بنانے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے ۔
انہوں نے مسافروں سے متبادل راستہ تلاش کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔
ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ مسلسل بند ہے ۔
حکام کے مطابق موسم سازگار رہنے کی صورت میں اس روڈ کو بہت جلد ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بحال کیا جائے گا۔
حکام نے لوگوں سے بند سڑکوں پر سفر اختیار کرنے سے قبل متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ کرنے کی تاکید کی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں۴مئی تک موسم خراب رہنے کا امکان ہے ۔