سرینگر//
لیفٹیننٹ گورنر‘منوج سنہاکو آج بتایا گیا کہ جہلم ریور فرنٹ امسال اگست میں مکمل ہو جائیگا ۔
سنہا نے آج سائٹ پر جاری کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور پروجیکٹ کی بروقت تکمیل پر زور دیا ۔
سیاحوں کیلئے دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے سی ای او سرینگر اسمارٹ سٹی کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹ کے تحت کچھ نمایاں مقامات پر سیلفی پوائینٹس تیار کرنے کے امکانات تلاش کریں ۔
کمشنر ایس ایم سی اور سی ای او سرینگر سمارٹ سٹی ‘ اطہر امیر خان نے لیفٹیننٹ گورنر کو اس باوقار پروجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ زیرو برج سے لال منڈی تک دریا کے بائیں کنارے پر جاری کام اپریل ۲۰۲۳ تک مکمل کر لیا جائے گا ۔
زیرو برج سے جی پی او کے درمیان اسٹریچ کا کام بھی زور و شور سے جاری ہے اور اپریل ۲۰۲۳ تک مکمل ہو جائے گا جبکہ ریور فرنٹ پروجیکٹ پر بڑے کام اگست ۲۰۲۳ تک یا اس سے پہلے مکمل ہو جائیں گے ۔
کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور کشمیر کے ورثہ دریائے جہلم کی بحالی اور دریائی نقل و حمل کے بارے میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ کام وقت کے مطابق جاری ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ زیرو برج سے بڈشاہ کدل تل جہلم ریور فرنٹ کا تصور ریور فرنٹ کے ساتھ ساتھ جدید ترین عوامی مقامات کے ساتھ کیا گیا ہے ۔ جہلم ریور فرنٹ کے دائیں اور بائیں دونوں کناروں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے ۔
پیدل چلنے کے راستوں ، سائیکل ٹریک ، کثیر المقاصد سبز جگہوں اور پارکس ، بیٹھنے کی جگہ ، رکاوٹوں سے پاک ماحول ، عالمگیر رسائی ، مقبول بازار کی سڑکوں سے بہتر رابطہ ، اعلیٰ معیار کی روشنی ، سجاوٹی پودوں کی اقسام ، جدید عوامی سہولیات کی ترقی سے عوام کو ترقی ملے گی ۔ جہلم ریور فرنٹ سیاحوں اور مقامی لوگوں کیلئے ایک نمایاں مقام ہے ۔
سنہا کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری ، ڈویژنل کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری اور دیگر سینئر افسران لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ تھے ۔