بانہال//
جموںکشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل(ڈی جی پی)‘دلباغ سنگھ نے منشیات کے استعمال کو دہشت گردی سے بھی بڑا دشمن قراردیا ۔
ڈی جی پی نے آج ڈوڈہ،کشتواڑ،رامبن رینج کا ایک روزہ دورہ کیا جہاں ڈوڈہ میں انہوں نے ایک کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
پولیس کے سربراہ نے اس موقع پر خطاب میں نوجوانوں پر منشیات سے پاک معاشرے کا پیغام پھیلانے پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ منشیات کا استعمال آج دہشت گردی سے بڑا دشمن ہے۔
دلباغ نے کہا کہ دہشت گردی افراد کو نشانہ بناتی ہے لیکن منشیات مجموعی طور پر خاندانوں اور معاشرے کو متاثر کرتے ہیں ۔انہوں مزید کہا کہ اس لعنت کے خاتمے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
ڈی جی پی نے کہا کہ دہشت گردی کی طرح جموں و کشمیر میں منشیات کی لعنت کو پھیلانے کا ذریعہ بھی پاکستان ہے جو ہمارے نوجوانوں کو تباہ کرنے اور دہشت گرد گروپوں کے لیے فنڈز پیدا کرنے کا ناپاک ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ نئے لوگ منشیات کی غیر قانونی تجارت میں ملوث ہو رہے ہیں یہ ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ ان افراد کی نشاندہی کرے اور ان کے خلاف کارروائی میں پولیس کی مدد کرے۔
دلباغ نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس منشیات کے کاروبار کے خلاف سخت اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سال کے دوران اب تک ۱۲۰۰ کے قریب مقدمات درج کیے گئے ہیں اور ۲۰۰۰ ملوث افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اعداد و شمار خود مسئلہ کی شدت کو ظاہر کرتے ہیں۔
دہشت گردی کے حوالے سے ڈی جی پی نے کہا کہ دہشت گردی کا باب بڑے پیمانے پر بند ہو رہا ہے اور اس کامیابی کو جموں و کشمیر کے نوجوانوں اور لوگوں کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی حمایت کے لیے منسوب کیا۔
ڈی جی پی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کی حمایت کے بغیر دہشت گردی پر فتح حاصل کرنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے ایس ایس پی ڈوڈہ کے طور پر اپنے دور کا حوالہ دیا اور کہا کہ مشکل حالات کے باوجود علاقے کے لوگ ہمیشہ امن کے لیے کھڑے رہے۔
دلباغ نے کہا کہ پاکستان اور اس کی ایجنسیاں نوجوانوں کو گمراہ کرکے یہاں دہشت گردی کے اڈے کو بحال کرنے کی مسلسل کوششیں کر رہی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن دشمن عناصر کو ناکام بنانے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج نوجوانوں کے مسکراتے چہرے علاقے میں اچھے وقت کی واپسی کی نشاندہی کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوان امن کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا تعاون فراہم کریں گے۔
قبل ازیں، ڈی جی پی نے دھرمنڈ میں ڈیلٹا فورس ہیڈ کوارٹر میں ایک مشترکہ جائزہ میٹنگ کی۔
میٹنگ کے دوران سکیورٹی صورتحال اور موجودہ چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ افسران نے ہائی وے کے حفاظتی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ڈی جی پی نے فورسز کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے اور جموں و کشمیر میں باقی ماندہ دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے پر زور دیا۔ میٹنگ میں منشیات کی تجارت اور اسلحہ گرانے کے انسداد کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جی او سی نے ڈی جی پی کو ڈوڈہ، کشتواڑ اور رامبن علاقوں میں انسداد دہشت گردی گرڈ کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔