سرینگر//
سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوب مفتی نے پیر کے روز اپنی گپکار رہائش گاہ کو خالی کیااور ایک نجی گھر میں منتقل ہو گئیں۔
پی ڈی پی کے ترجمان نجم الثاقب نے کہا کہ محبوبہ مفتی نے آج گپکار کی رہائش گاہ خالی کر دی ہے اور وہ کھمبر علاقے میں ایک نجی رہائش گاہ میں منتقل ہو گئی ہیں۔
جموں و کشمیر انتظامیہ نے محبوبہ مفتی سے سرینگر کے ہائی پروفائل گپکار روڈ پر واقع اپنی سرکاری رہائش گاہ خالی کرنے کو کہا تھا اور کہا تھا کہ وہ متبادل رہائش فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
کشمیر کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے ۱۵؍اکتوبر کو پی ڈی پی سربراہ کو ایک نوٹس بھیجا تھا جس میں ان سے سرکاری رہائش گاہ خالی کرنے کو کہا گیا تھا جسے اب’فیئر ویو گیسٹ ہاؤس‘کہا جاتا ہے۔
اس دوران سابق ممبران اسمبلی، جنہیں جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں سرکاری کوارٹر خالی کرنے کیلئے بے دخلی کے نوٹس بھیجے گئے تھے، کو پیر کو کوارٹر خالی کرنے کیلئے دو ہفتے کا وقت دیا گیا۔
یہ فیصلہ سابق قانون سازوں نے آج ڈپٹی کمشنر اننت ناگ سے ان کے دفتر میں ملاقات کے بعد لیا ہے۔
ڈی سی اننت ناگ، بشارت قیوم نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کوبتایا کہ رہنماؤں نے آج ان سے ملاقات کی اور اپنے زیر قبضہ سرکاری کوارٹرز کو خالی کرنے کے وقت مانگا۔
قیوم نے کہا کہ اب انہیں کواٹرو ں کو خالی کرنے کیلئے دو ہفتوں کی مہلت دی گئی ہے ۔