جموں//
جموںکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں شیو سینا نے سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے اور مرکزی سرکار سے مطالبہ کیا کہ ریاستی درجے کی بحالی کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر کو۳۷۱کے تحت خصوصی اختیارات فراہم کئے جائیں ۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ جموں میں شیو سینا کارکنوں نے پیر کے روز احتجاجی مظاہرئے کئے ۔
نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران شیو سینا لیڈر نے کہاکہ بھاجپا نے جموں وکشمیر کو سٹیٹ ہڈ کی بحالی کا وعدہ پارلیمنٹ میں کیا لیکن ابھی تک یہ وعدہ وفا نہ ہو سکا۔انہوں نے کہا’’ دراصل دفعہ ۳۷۰کی منسوخی ایک سیاسی فیصلہ تھا تاکہ اس کے ذریعے لوگوں سے ووٹ بٹور ے جا سکے ‘‘۔انہوں نے کہاکہ سرکار دعوئے کر رہی ہیں کہ کشمیر میں حالات پوری طرح سے معمول پر آئے ہیں جو حقائق کے برعکس ہے ۔
اُن کے مطابق بی جے پی کی جانب سے غیر مقامی افراد کو ووٹنگ کا حق دینے کا منصوبہ بھی ناکام ثابت ہوا ہے کیونکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جو سمری منظرعام پر لائی گئی اُس میں بہت ہی کم تعداد میں لوگوں نے اندراج کرایا ہے اور اس طرح بھاجپا کا یہ منصوبہ بھی ناکام ثابت ہوا۔
شیو سینالیڈر نے کہاکہ دفعہ ۳۷۰کی منسوخی کے بعد بھاجپا نے لوگوں کو سبز باغ دکھائے لیکن سبھی دعوئے جملہ بازی ثابت ہوئے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ جس طرح سے ملک کی دیگر سرحدی ریاستوں کو خصوصی اختیارات دئے گئے ہیں اسی طرح جموں وکشمیر کو دفعہ ۳۷۱کے تحت خصوصی اختیارات دئے جائیں۔
اُن کے مطابق جموں وکشمیر میں ابھی بھی ملی ٹینسی پوری طرح سے ختم نہیں ہوئی لہذا یہاں کے لوگوں کو بھی خصوصی اختیارات ملنے چاہئے ۔