سرینگر//
شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں پیر کے روز ۴۵سالہ شخص نے مبینہ طورپر دریائے جہلم میں چھلانگ لگائی ۔
ذرائع نے بتایا کہ سوپور میں کپواڑہ کے ساکن علی محمد وانی نے دریائے جہلم میں چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا چنانچہ کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد دریا سے لاش برآمد کی گئی۔
پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔
اس دوران راجوری کے سرانو علاقے میں این ڈی آر ایف کی ٹیم نے دریا سے ایک لاش برآمد کی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ۱۵نومبر کو رنجیت کمار ولد ناتھ رام ساکن سرانو اچانک لاپتہ ہو گیا جس کے بعد اہل خانہ نے پولیس میں گمشدگی کی رپورٹ درج کی۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز راجوری کے سرانو علاقے میں لاپتہ شہری کی لاش برآمد کی گئی جس کے بعد طبی اور قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد میت وارثین کے حوالے کی گئی۔
دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔
اس دوران جموں کے بن تلاب میں لوڈ کیرئیر سے لاش برآمد ہونے سے علاقے میں سراسیمگی دوڑ گئی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پیر کے روز جموں کے بن تلاب علاقے میں ایک لوڈ کیرئیر سے لاش برآمد ہونے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس ٹیم جائے موقع پر پہنچی ۔انہوں نے بتایا کہ لاش کو تحویل میں لے کر قانونی اور طبی لوازمات پورے کئے گئے ۔
متوفی کی شناخت منیش شرما ساکن ٹھٹھر جموں کے بطور ہوئی ہے ۔
متوفی کے بھائی نے بتایا کہ اتوار کے روز منیش شرما کام کے سلسلے میں گھر سے نکلا تب سے اُس کا کئی پر اتہ پتہ نہیں چل سکا۔انہوں نے کہاکہ لاش پر زخموں کے نشانات موجود ہیں جس سے یہ عیاں ہوتا ہے کہ اُن کے بھائی کا قتل کیا گیا۔
دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔