سرینگر//
جموں کشمیر اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ میں بھرتی کے عمل میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ۲۰۲۰میں فائر مین اور فائر مین ڈرائیورز کی بھرتیوں کے دوران متعدد امیدواروں کو غلط طریقے سے منتخب کیا گیا۔
اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شکایت کی بنیاد پر کی گئی جانچ پڑتال میں بھرتی کے عمل میں مداخلت اور دھوکہ دہی کی کئی مثالیں سامنے آئیں۔
اس سلسلے میں یکم جنوری ۲۰۲۵کواے سی بی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر زیر نمبر۲۵/۱کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی۔
ترجمان نے کہا کہ تحقیقات میں مختلف پہلوؤں پر گہرائی سے کام ہو رہا ہے ، جس میں غلط طریقے سے منتخب امیدواروں کی شناخت، ان کے مالی لین دین کا جائزہ، اور رقم کی منتقلی کے سلسلے کو سمجھنے کے لیے بینک ٹرانزیکشنز کا تفصیلی مطالعہ شامل ہے ۔ اس کے علاوہ ایجنٹس کی نشاندہی بھی کی جا رہی ہے جن کے ذریعے بھرتی کے دوران غیر قانونی رقم کی گردش ہوئی تاکہ معاملے میں شامل اعلیٰ سطح کے ذمہ داروں کو سامنے لایا جا سکے ۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ بھرتی کا عمل ایک وسیع عمل تھا جس میں تقریباً ۷۰۰؍امیدوار منتخب کیے گئے تھے ، اس لیے تمام متعلقہ ریکارڈز کا بغور جائزہ لینا انتہائی ضروری اور وقت طلب عمل ہے تاکہ درست طور پر غیر قانونی بھرتیوں کا تعین کیا جا سکے ۔
اینٹی کرپشن بیورو نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام مراحل انتہائی محنت اور باریکی سے مکمل کیے جا رہے ہیں اور ادارہ انصاف کے قیام کے لیے بھرپور کوششوں کے ساتھ اس کیس کی تحقیقات جلد از جلد مکمل کرے گا۔