سرینگر//
جموں کشمیر پولیس نے بالہ تل میں جعلی یاترا رجسٹریشن کارڈ کا استعمال کرنے کے الزام میں ایک غیر مقامی شخص کو گرفتار کیا ہے ۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا نام شِوم متل ہے ، جو ہریانہ کے ضلع یمونا نگر کے شہر دُوارکا پوری کا رہائشی ہے ۔
ملزم نے جعلی یاترا کارڈ فراڈ کے ذریعے حاصل کیا اور سیکیورٹی چیک پوسٹس پر حفاظتی عمل کو دھوکہ دینے کی کوشش کی۔
اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن سونمرگ میں متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر زیر نمبر۲۰۲۵/۱۳درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
جموں و کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ یاترا کی حفاظت اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی جو یاترا کی مقدس روایات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے ۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا جعلی یاترا کارڈ استعمال کرنے کی کوشش کرنے والے افراد کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے ۔