سرینگر//
منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے سری نگر پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک منشیات فروش کی لاکھوں روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کو ضبط کر دیا۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کے خلاف ایک فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے سری نگر پولیس نے قریب۵۰لاکھ روپے مالیت کی رہائشی جائیداد جس میں ایک یک منزلہ مکان شامل ہے ، کو ضبط کیا ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ یہ جائیداد بدنام زمانہ منشیات فروش ہلال احمد بٹ ولد عبدالمجید بٹ ساکن ہمدانیہ کالونی بمنہ کی ہے ۔
ان کا کہنا ہے کہ ملزم پولیس اسٹیشن کرن نگر میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات اور بی این ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت درج ایف آئی آر نمبر۲۰۲۵/۰۱میں ملوث ہے ۔
بیان میں کہا گیا’’مذکورہ جائیداد کو منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کے ذریعے حاصل کیا گیا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ، غیر منقولہ جائیداد کو باضابطہ طور پر ضبط اور منسلک کر دیا گیا ہے ۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ جائیداد کو قانون کے تحت مناسب طریقہ کار کے مطابق منسلک کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر اس جائیداد کو فروخت، منتقل یا بصورت دیگر ڈیل نہیں کیا جائے گا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ملزم کی منشیات کی اسمگلنگ کی ہسٹری ہے اور وہ منشیات کی سپلائی میں سرگرم عمل رہا ہے ، وہ خاص طور پر مقامی نوجوانوں کو نشانہ بنا رہا تھا، جس سے صحت عامہ اور حفاظت کو سنگین خطرہ لاحق تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی جموں و کشمیر پولیس کے منشیات کی سمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہے ۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے نیٹ ورکس کے مالیاتی ڈھانچے کو نشانہ بنانے اور اسے ختم کرکے پولیس کا مقصد منشیات کے پھیلاؤ کو روکنا اور کمیونٹی کی حفاظت کرنا ہے ۔