سرینگر//
منشیات کی لعنت کے خلاف سخت کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے درگمولہ علاقے میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے براون شوگر جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس پوسٹ درگمولہ کی ایک ٹیم نے برمری میں کوالٹی کیئر ہسپتال کے نزدیک ایک معمول کے ناکے کے دوران ایک مشکوک شخص کو دھر لیا جس نے پولیس کو دیکھ کر جائے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے براون شوگر جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدہ کی شناخت غلام نبی ملہ ولد محمد جمال ساکن کپوارہ کے طور پر کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کپوارہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی۔انہوں نے کہا کہ کپوارہ پولیس منشیات کی بیخ کنی کیلئے پر عزم ہے ۔
اس دوران منشیات کے خلاف جنگ کو وسیع پیمانے پر جاری رکھتے ہوئے جموں و کشمیر پولیس نے ضلع اودھم پور کے ٹکری علاقے میں دو بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ہیرائن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس پوسٹ ٹکری کی ایک ٹیم نے ٹکری ناکے پر معمول کی چیکنگ کے دوران ایک موٹر سائیکل کو روکا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران موٹر سائیکل چلانے والے اور اس کے دوسرے ساتھی کی تحویل سے۴۰ء۹گرام ہیرائن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد دونوں کی بر سر موقع ہی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
گرفتار شدگان کی شناخت جیون کمار ولد بشن داسا اور سنیل کمار ولد اشوک کمار ساکنان جاگنو اودھم پور کے طور پر کی گئی ہے ۔
بیان میں کیا گیا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن رہام بل میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی۔