سرینگر//
گرمی کی شدید لہر کے بیچ محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں ماہ جولائی کے پہلے ہفتے کے دوران رک رک کر بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ۔
محکمے کی ایڈوائزری کے مطابق کچھ کمزور مقامات پر سیلابی ریلے ، لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گر آنے یا چٹانیں کھسک آنے کے امکانات ہیں۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں۳۰جون کو موسم جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کا امکان ہے جبکہ جموں صوبے میں کچھ مقامات پر درمیانی درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بعد میں یکم جولائی سے۵جولائی تک کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ رک رک بارشیں ہوسکتی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ۶سے۸جولائی تک بھی کئی مقامات پر وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے ۔
محکمے کی ایڈوائزری کے مطابق کچھ کمزور مقامات پر سیلابی ریلے ، لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گر آنے یا چٹانیں کھسک آنے کے امکانات ہیں۔
کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے کھیت کھلیانوں اور میوہ باغوں میں کام جاری رکھ سکتے ہیں۔
دریں اثنا وادی کے بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت معمول سے ۵ء۲ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا ہے ۔
وادی میں گلمرگ سرد ترین جگہ رہی ہے جہاں شبانہ درجہ حرارت۰ء۱۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ جموں صوبے میں بانہال سب سے سرد مقام رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت۵ء۱۹ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
دریں اثنا سرینگر میں آج دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۵ء۳۴ ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا جبکہ جموں میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۳ء۳۲ ڈگری سینٹی گریڈ رہا ۔