سرینگر//
جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کے روز کہا کہ حکومت دستکاری سے وابستہ کاریگروں اور عالمی خریداروں کے درمیان تاریخی اور براہِ راست تعلق کو ازسرِ نو بحال کرنے کیلئے ٹھوس اور زمینی سطح پر اقدامات اٹھا رہی ہے ، تاکہ کشمیری ہنر کو بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچایا جا سکے اور تخلیق کاروں کو ان کا جائز مقام و فائدہ ملے ۔
یہ بات وزیر اعلیٰ نے سرینگر کے ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ بین الاقوامی خریدار و فروخت کنندہ ملاقات۲۰۲۵سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس تقریب کا اہتمام جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن نے ووُل اینڈ ووُلنس ایکسپورٹ پروموشن کونسل کے اشتراک سے کیا تھا، جو وزارت ایم ایس ایم ای کی اسکیم کے تحت معاونت یافتہ ہے ۔
اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ سرندر کمار چودھری نے بطور مہمان اعزازی، جبکہ وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، کمشنر سیکریٹری انڈسٹریز وکرم جیت سنگھ، چیئرمین آر سی کھنہ، ایم ڈی سدھرسن کمار اور کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر جاوید احمد ٹینگہ بھی موجود تھے ۔
تقریب میں سات ممالک اور سات ہندوستانی ریاستوں کے۴۵سے زائد قومی و بین الاقوامی خریداروں اور۱۰۰سے زائد مقامی فروخت کنندگان نے شرکت کی، جہاں اعلیٰ معیار کے۱۰۰ سے زائد ووُل اور ہنری مصنوعات کی نمائش کی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا’’ایسا وقت تھا جب ہمیں خریداروں سے ملاقات کروانے کی ضرورت نہیں پڑتی تھی، کیونکہ سیاح خود ہی کشمیر آکر ہمارے ہنر کو خریدتے تھے ۔ آج، ہم اسی رشتے کو بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک نمائشی تقریب نہیں بلکہ مستقبل کی مسلسل سرگرمیوں کی بنیاد ہے ۔
عمرعبداللہ نے محکمہ صنعت و حرفت پر زور دیا کہ وہ ان کاریگروں کو ترجیح دے جو مالی مشکلات کی وجہ سے اب تک ان مواقع سے محروم رہے ہیں۔ہمارے پاس ہنر ہے ، ہمارے پاس مصنوعات ہیں، بس ضرورت ہے ان کو صحیح پلیٹ فارم پر لانے کی۔
وزیر اعلیٰ نے زور دے کر کہا کہ ان اقدامات کا فائدہ براہ راست کاریگروں کو ملنا چاہئے ، اور کوئی اور ان کے کام کا کریڈٹ نہ لے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ کاریگروں کو جدید رجحانات کو اپنانا ہوگا۔
عمر عبداللہ کا کہنا تھا کہ صارفین کا ذوق مسلسل بدل رہا ہے ، اور اگر ہم جامد رہے تو پیچھے رہ جائیں گے ۔ حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے ، چاہے وہ را مٹیریل بینک ہو، رنگوں کے مراکز ہوں یا ڈیزائن انوویشن سینٹرز۔انہوں نے خریداروں کی موجودگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا’’آپ کی موجودگی ہمارے لیے نہیں بلکہ یہاں موجود کاریگروں اور کاروباریوں کے لیے حوصلہ افزا ہے ‘‘۔
آخر میں انہوں نے تمام خریداروں کو وادی کشمیر کی خوبصورتی، ثقافت اور مہمان نوازی کا تجربہ کرنے کی دعوت دی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہاں سے صرف مصنوعات نہیں بلکہ یادگار لمحات بھی لے جائیے ۔
قبل ازیں، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ نمائش کے اسٹالوں کا معائنہ کیا اور خریداروں و فروخت کنندگان سے بات چیت کی۔