جموں//
جموںکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں برڈ فلو کے پانچ کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد پورے صوبے میں الرٹ جاری کیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ لکھن پور ٹول پوسٹ پر پشوپالن محکمہ نے ٹیمیں تعینات کی ہیں تاکہ باہر کی ریاستوں سے آنے والی گاڑیوں کی باریک بینی سے جائزہ لیا جائے ۔
اطلاعات کے مطابق جموں میں گزشتہ دنوں پشو پالن محکمہ نے مرغوں کے سیمپل جمع کرکے اُنہیں تشخیص کی خاطر لیبارٹری روانہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پیر کے روز پانچ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سبھی اضلاع میں الرٹ جاری کیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ پانچ مرغوں میں برڈفلو وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد پشو پالن محکمہ نے الرٹ جاری کرکے سبھی اضلاع کے آفیسران کو ہدایت دی کہ وہ مرغوں کی سیمپلنگ کریں تاکہ وائرس کے پھیلاو کو روکاجاسکے ۔
ذرائع نے بتایا کہ باہر کی ریاستوں سے جموں وکشمیر آنے والی گاڑیوں کی باریک بینی سے جائزہ لینے اور مرغوں کی سیمپلنگ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
انتظامیہ نے مذکورہ مقامات کے آس پاس علاقے کو’متاثرہ زون‘جبکہ ان کے گرد وپیش دس کلومیٹر احاطے کو ‘الرٹ زون’ قرار دیا ہے اور اس کے علاوہ متعلقہ چیف انیمل ہسبنڈری افسر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مذکورہ زونز کے ارد گرد ایک کلو میٹر احاطے کے اندر مردہ مرغوں کے نمونے حاصل کریں۔
بتادیں کہ جموں صوبے میں پہلے ہی ڈینگی وائرس نے متعدد افراد کی جانیں لیں جبکہ ابھی تک ہزاروں کی رپورٹ مثبت آئی ہیں۔