سرینگر/ 14ستمبر
سرینگر کے مضافاتی علاقے نوگام میں بدھ کی رات کو شروع ہوئی جھڑپ میں اب تک ۲ ملی ٹنٹوں کے مارے جانے کی اطلاع ہے ۔
کشمیر زون پولیس نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا:’سرینگر کے نوگام علاقے میں انکاونٹر شروع ہوا‘۔انہوں نے کہا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد 50 آر آر اور ایس او جی کی ایک مشترکہ ٹیم نے بدھ کی شام سری نگر کے نوگام علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کردیا۔
پولیس نے کہاکہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں پر چھپے جنگجووں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔ا±ن کے مطابق تصادم کے دوران دوملی ٹینٹ مارے گئے ہیںجن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے۔پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ نوگام سری نگر میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے بدھ کی شام علاقے کو محاصرے میں لے کر جوںہی تلاشی آپریشن شروع کیا تو اسی اثنا میں وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔ اُن کے مطابق کچھ عرصے تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں دو جنگجو مارے گئے جن کی شناخت کے لئے کارروائی شروع کی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ علاقے میں مزید ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے پیش نظر تلاشی آپریشن کا دائرہ مزید کئی علاقوں تک وسیع کیا گیا ہے۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔