سرینگر//
پولیس نے ہفتہ کو ایس ڈی پی او کوٹھی باغ کی سربراہی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی ہے جو جموں و کشمیر میں ملازمت کے خواہشمندوں سے لاکھوں روپے کی دھوکہ دہی کے معاملے کی تحقیقات کرے گی۔
مقدمہ (ایف آئی آر نمبر۷۳/۲۰۲۲) ۴۲۰‘۴۶۸‘۱۲۰بی آئی پی سی کے تحت تھانہ کوٹھی باغ میں حال ہی میں درج کیا گیا تھا اور اب تک کم از کم چھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں سے ایک مبینہ طور پر ’مسلم راشٹریہ منچ‘ سے وابستہ ہے۔
اس معاملے میں گرفتار ہونے والا تازہ ترین شخص سیلو بابا گنڈ بارہمولہ کا رہنے والا ہے جو ذرائع کے مطابق جے کے پی ایس سی میں آرڈرلی کے طور پر کام کر رہا ہے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا’’وہ اس معاملے میں گرفتار ہونے والا چھٹا شخص ہے۔ بڑے اثرات کی وجہ سے، اس معاملے کی تحقیقات کیلئے ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی‘‘۔
ایس آئی ٹی سے کہا گیا ہے کہ وہ ’فوری طور پر‘ کیس کی تحقیقات شروع کرے اور’’چارج شیٹ داخل کرنے تک پندرہ ہفتہ کی بنیاد پر ایس ایس پی سرینگر کو بروقت پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کو یقینی بنائے‘‘۔
ایس آئی ٹی کے ارکان میں تھانہ کوٹھی باغ کے ایس ایچ او، مائسمہ، تھانہ کوٹھی باغ کے تفتیشی افسر، کوٹھی باغ تھانے کے ایک اے ایس آئی کے علاوہ ایس ڈی پی او کوٹھی باغ اور ایس پی ایسٹ کے ریڈر شامل ہیں۔