سرینگر//
مسلسل دوسرے دن شام کو سرینگر اور وادی کے کچھ دوسرے اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کے علاوہ موسلادھار بارشیں بھی ہو ئیں ۔
ہفتہ کی شام تقریباً پانچ بجے سرینگر اور اس کے مضافات میں تیز ہوائیں چلنے لگیں جس کی وجہ سے بجلی سپلائی بھی متاثر ہوئی ۔
ہواؤں کے بعد شہر کے بیشتر حصوں میں موسلادھار بارشیں ہو ئیں جو کچھ وقت تک جاری رہیں ۔
وادی کے کچھ دوسرے حصوں میں بھی تیز ہواؤں کے چلنے اور بارشوں کی اطلاعات ہیں ۔
بارشوں سے سرینگر کے موسم میں خوشگوار تبدیلی آئی۔
اس دوران محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ۔
محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشیں ہونے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں اگلے دو دنوں کے دوران موسم کی یہی صورتحال جاری رہنے کی توقع ہے ۔
سرینگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران۰ء۳ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس مدت کے دوران پہلگام میں۴ء۰ ملی میٹر اور کپوارہ میں سب سے زیادہ۸ء۱۰ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
ادھر وادی میں بارشوں کے با وجود شبانہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ درج ہو رہا ہے ۔
دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت۷ء۱۷ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۰ء۴ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت۵ء۹ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا وج معمول سے۳ء۰ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت۸ء۱۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۶ء۳ ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۳ء۱۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۲ء۲ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ کم سے کم درجہ حرارت۲ء۱۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۵ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔