سورت//
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ ہندوستان دنیا کی پانچویں سب سے بڑی معیشت بن گیا ہے اور یہ کوئی معمولی کامیابی نہیں ہے۔
مودی نے کہا’’ہر ہندوستانی اس پر فخر محسوس کر رہا ہے۔ ہمیں اس جوش کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے‘‘۔
وزیر اعظم مختلف سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والوں اور گجرات کے سورت شہر کے اولپاڈ علاقے میں منعقدہ ایک میگا میڈیکل کیمپ میں موجود لوگوں سے ورچول طور پر خطاب کر رہے تھے۔گجرات میں اس سال کے آخر میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔
مودی نے کچھ فائدہ اٹھانے والوں کے ساتھ بات چیت کی اور کسانوں سے قدرتی کاشتکاری کی طرف جانے کی اپیل کی، یہ کہتے ہوئے کہ اس کے نتیجے میں کم سے کم لاگت پر بہتر پیداوار حاصل ہوگی۔
وزیر اعظم کاکہنا تھا’’حال ہی میں، ہندوستان دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بن گیا ہے۔ اس کامیابی نے ہمیں اس امرت کال میں مزید محنت کرنے اور بڑے اہداف حاصل کرنے کا یقین دلایا۔ یہ ترقی معمولی نہیں ہے۔ ہر ہندوستانی اس پر فخر محسوس کر رہا ہے۔ ہمیں یہ جوش برقرار رکھنے کی ضرورت ہے‘‘۔
وزیر اعظم نے گجرات حکومت کی ستائش کرتے ہوئے بی جے پی کی قیادت والی ریاست اور مرکز کو’ڈبل انجن والی حکومت‘ کہا۔انہوں نے کہا کہ پہلے کسانوں کو مرکز میں پچھلی حکومتوں کے بڑے وعدوں کے باوجود کچھ نہیں ملتا تھا۔
مودی نے کہا’’لیکن، ہماری ڈبل انجن والی حکومت کیلئے کسانوں کے مفادات کو ہمیشہ ترجیح دی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ملک اور گجرات کے کسان ہمیں اپنا آشیرواد دیتے ہیں۔‘‘
مودی نے کہا ’’پردھان منتری کسان سمان ندھی اسکیم کے تحت، ملک بھر کے کسانوں کو اب تک براہ راست منتقلی کے ذریعے دو لاکھ کروڑ روپے ملے ہیں۔ گجرات کے ساٹھ لاکھ کسان اور سورت کے تقریباً ۲۵ء۱ لاکھ کسانوں نے اس اسکیم کا فائدہ اٹھایا ہے‘‘۔
گجرات حکومت کی تعریف کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ریاست کے۹۷ فیصد دیہی گھروں کو اب مہتواکانکشی’نل سے جل‘ اسکیم کے ذریعے پینے کا پانی مل رہا ہے۔