جموں//
جموں کشمیر کے ضلع رام بن کے گول علاقے میں منگل کی صبح ایک پولیس چوکی کے باہر مشتبہ گرینیڈ دھماکہ ہوا تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ گول کے انڈ پولیس چوکی پر کچھ دھماکہ خیز مواد سے حملہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وہاں تعینات پولیس اہلکاروں نے پھرتی کا مظاہرہ کرکے ہوا میں کچھ گولیاں چلائیں تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔
جموں زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس مکیش سنگھ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک مکتوب بر آمد ہوا ہے جس میں جموں وکشمیر غزنوی فورس نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔
سنگھ نے کہا کہ واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے حملہ آوروں کی تلاش کیلئے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے ۔
دریں اثنا ایس ایس پی رام بن موہتہ شرما نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فی الوقت یہ نہیں کہا جاسکتا ہے کہ آیا یہ گرینیڈ حملہ تھا یا نہیں تاہم اس ضمن میں تحقیقات کی جا رہی ہے ۔
شرمانے کہا کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے اورعلاقے میں سیکورٹی کو چوکنا کیا گیا ہے ۔