گلگت/ یکم اگست
پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر (پی او کے ) خطے کے گلگت میں محرم کے دوران دو مذہبی گروپس کے درمیان جھڑپ میں دو افراد ہلاک اور 17 دیگر زخمی ہو گئے ۔
پولیس کے مطابق دونوں گروپوں کے درمیان جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب گلگت بلتستان کے اعلیٰ شیعہ رہنما آغا راحت حسین الحسینی محرم کے آغاز پر خمار چوک پر مذہبی پرچم لہرا رہے تھے ۔ جھڑپ میں شیعہ برادری کے دو افراد ہلاک اور 17 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ مرنے والوں کی شناخت سید اقرار حسین (25) اور محمد علی (15) کے طور پر ہوئی ہے ۔ فائرنگ سے 17 افراد زخمی بھی ہوئے ۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید خان نے کہا کہ مٹھی بھر شرپسند شہر کا پرامن ماحول خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے امن برقرار رکھنے اور حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ اگلے دو ہفتوں کے لیے علاقے میں حکم امتناعی کر دیاگیا ہے ۔