سرینگر/31جولائی
جموں وکشمیر کے شمالی ضلع بارہ مولہ کے بنر گاوں میں رات بھر جاری رہنے والی جھڑپ میں لشکر طیبہ کا ایک مقامی جنگجو مارا گیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شمالی ضلع بارہ مولہ کے بنر علاقے میں جنگجووں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے ہفتے کی شام اس علاقے کو اپنے محاصرے میں لے کر اُنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر جنگجووں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند گولیاں برسا کر فرار ہونے کی بھر پور سعی کی تاہم حفاظتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے اُنہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔
اُن کے مطابق رات بھر جاری رہنے والی جھڑپ کے بعد سیکورٹی فورسز نے تصادم کی جگہ جنگجو کی لاش برآمد کی جس کی بعد میں شناخت ارشاد حمد بٹ ساکن پٹن کے بطور ہوئی ہے ۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹ لشکر طیبہ سے وابستہ تھا اور وہ مئی 2022 سے علاقے میں سر گرم تھا۔تصادم کی جگہ ایک اے کے رائفل، دو میگزین اور 30 گولیوں کے راونڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے ۔
ترجمان نے مزید کہاکہ مہلوک ملی ٹینٹ سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور اُنہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں پیش پیش تھا جبکہ اُس کے خلاف کئی مقدمات بھی درج ہیں۔
دریں اثنا پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اسے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولسی اور دیگرسلامتی ادارے لوگوں کے جان ومال کی محافظ ہے لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے ۔